میانمار کے قائم مقام صدر 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

جمعرات 7 اگست 2025 12:02

ینگون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) میانمار کے قائم مقام صدر یو مائنٹ سوے 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ شنہوا کے مطابق میانمار کی نیشنل ڈیفنس اینڈ سکیورٹی کونسل (این ڈی ایس سی) نے تصدیق کی ہے کہ قائم مقام صدر یو مائنٹ سوے جمعرات کو 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ این ڈی ایس سی نے بتایا کہ قائم مقام صدر کی آخری رسومات سرکاری طور پر ادا کی جائیں گی۔

نیشنل ڈیفنس اینڈ سکیورٹی کونسل نے بتایا کہ قائم مقام صدر کو 5 اگست کو پارکنسنز کی بیماری اور دیگر اعصابی مسائل کی تشخیص ہوئی تھی۔انہیں 2024 میں سنگاپور اور نَیپِی تاو کے نمبر 2 ڈیفنس سروسز جنرل ہسپتال میں علاج فراہم کیا گیا لیکن جولائی 2025 میں ان کی حالت مزید بگڑ گئی، جس میں شدید علامات جیسے وزن میں کمی اور ذہنی صلاحیت میں کمی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ان کی نازک حالت کے باعث، وہ 24 جولائی سے نَیپِی تاو کے سپیشل آئی سی یو میں زیرِ علاج تھے۔ یو مائنٹ سوے جولائی 2024 سے طبی رخصت پر تھے اور اس وقت سے ان کے فرائض سینئر جنرل مِن آنگ ہلینگ انجام دے رہے تھے۔ یو مائنٹ سوے2010 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ 30 مارچ 2016 کو وہ میانمار کے نائب صدر کے عہدے پر فائز ہوئے ۔ یکم فروری 2021 کو، جب اس وقت کے صدر یو ون مائنٹ کو حراست میں لیا گیا، تو یو مائنٹ سوے نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا، ایمرجنسی نافذ کی، اور بعد ازاں ریاستی اختیارات کمانڈر ان چیف مِن آنگ ہلینگ کو منتقل کئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :