جیکب آباد کی دو مختلف نہروں میں شگاف، سینکڑوں ایکڑ فصل زیر آب، محکمہ آبپاشی کا عملہ غائب، متاثرین کا احتجاج

جمعرات 7 اگست 2025 17:21

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) جیکب آباد کی دو مختلف نہروں میں شگاف، سینکڑوں ایکڑ فصل زیر آب، محکمہ آبپاشی کا عملہ غائب، متاثرین کا احتجاج۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے علاقے دوداپور کے قریب کھیر تھر کینال سے نکلنے والی کلچ نہر کو گاؤں بشیر جکھرانی کے مقام پر جبکہ تحصیل ٹھل میں موسیٰ اللہ آباد نہر کو ٹانوری واہ کے مقام پر 50، 50 فٹ چوڑے شگاف پڑنے کے باعث سینکڑوں ایکڑوں پر مشتمل کھڑی دھان کی فصلیں پانی کی نذر ہو گئیں، دونوں مقامات پر مقامی افراد نے فوری طور پر محکمہ آبپاشی کو اطلاع دی تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود عملہ موقع پر نہ پہنچ سکا پانی کے تیز بہاؤ کے باعث فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، محکمہ آبپاشی کا عملہ نہ پہنچنے پر متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت شگافوں کو پرُ کرنے میں مصروف ہیں، متاثرہ آبادگاروں کا کہنا ہے کہ ہماری سال بھر کی محنت ضائع ہوگئی اگر محکمہ آبپاشی کا عملہ وقت پر آتا تو اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا، انہوں نے کہا کہ پہلے ہم پانی کے لیے ترستے ہیں اور جب پانی آتا ہے تو تباہی بن کر آتا ہے جبکہ محکمہ آبپاشی خواب غفلت میں ہے، متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ شگافوں کو فوری طور پر بند کیا جائے نقصان کا سروے کرکے معاوضہ دیا جائے اور محکمہ آبپاشی کے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔