زرعی یونیورسٹی پشاور اور انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کے وفود کی ملاقات

جمعرات 7 اگست 2025 20:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) زرعی یونیورسٹی پشاور اور انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور (آئی اے پی) کے باہمی تعاون سے انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کے دفتر میں ایک ملاقات کا اہتمام ہوا جس کی صدارت ایوب زکوڑی کر رہے تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت کی قیادت میں زرعی یونیورسٹی پشاور کے ایک وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کا بنیادی مقصد صنعت و اکیڈمیا کے روابط کو مضبوط بنانا، ممکنہ تعاون کی راہیں تلاش کرنا خاص طور پر فارماسیوٹیکل، نیوٹراسیوٹیکل، کاسمیٹک، خوراک اور پانی کے شعبوں میں تعاون کرنا تھا۔زرعی یونیورسٹی پشاور کے وفد جس میں پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد، پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف، پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، ڈاکٹر مدثر اقبال، ڈاکٹر امجد عثمان، ڈاکٹر ماجد سہیل ہاشمی، ڈاکٹر اسد سلطان ، ڈاکٹر ارشد خان و دیگر شامل تھے نے ایک پیجر کی تجویز پیش کی جس میں اختراعی مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کی کمرشلائزیشن پر روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

مزید برآں، وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہاں بخت نے دلچسپی رکھنے والی صنعتوں کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور صنعت کے شراکت داروں کے ساتھ طلباء کی انٹرنشپ کے لئے آمادگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے صنعتوں کی بھی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی ضروریات کا اشتراک کریں، جس کی یونیورسٹی تحقیق اور ترقی کے ذریعے مدد کرنے میں خوشی محسوس کرے گی۔

ملاقات میں انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر حارث مفتی، ضیاء محمد، عدنان ناصر، میاں رحیم داد خان، لطیف حسین، سلمان الطاف، شہریار خان، جبران خان، میاں انور سید اور ہمراز خان بھی موجود تھے۔آخر میں انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کے صدر ایوب زکوڑی نے وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت کو روایتی شملہ پہنایا اور شیلڈ پیش کی۔