محکمہ تعلیم و محکمہ کھیل کا مشترکہ طور پر سپورٹس فیسٹیولز کے انعقاد پر اتفاق

جمعرات 7 اگست 2025 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، وزیر کھیل فیصل کھوکھر اور سابق کرکٹر محمد یوسف کی ملاقات میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ، گرانڈز کی بحالی اور مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات تیز کرنے اور مشترکہ طور پر سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی سپورٹس سرگرمیوں کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ رانا سکندر حیات اور فیصل کھوکھر کا کہنا تھا کہ اسکولوں اور کالجوں میں بنجر میدانوں کو کھیلوں کے لیے کارآمد بنایا جائے گا۔ صوبے کے تعلیمی اداروں میں 1000 سپورٹس اکیڈمیاں بنائی جائیں گی جہاں کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ نوجوانوں کو شام کے اوقات میں تعلیمی اداروں کی گرانڈز کے استعمال کی سہولیات دیں گے۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سابق کرکٹر محمد یوسف سے بطور کوچ خدمات لی جائیں گی جو گراس روٹ لیول پر نوجوانوں کو تربیت دیں گے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ نوجوانوں کو انگلینڈ میں ٹریننگ اور کانٹی کھیلنے کا موقع بھی ملے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو پالش کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ اس موقع پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے مشترکہ انعقاد کیلئے محکمہ تعلیم و سپورٹس کے افسران پر مشتمل کمیٹی بھی بنا دی گئی۔