گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سابق اولمپیئن شاہد شنواری کی قیادت میں سی ایم بلوچستان کپ کی فاتح قومی چیمپئن فٹ بال ٹیم کی ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 21:16

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سابق اولمپیئن شاہد شنواری کی قیادت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سابق اولمپیئن شاہد شنواری کی قیادت میں سی ایم بلوچستان کپ کی فاتح قومی چیمپئن فٹ بال ٹیم نے گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جمعہ کو جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کی ٹیم نے بلوچستان میں ہونے والے قومی فٹ بال مقابلوں میں ملک بھر سے آئی 360 سے زائد ٹیموں کو شکست دے کر چیمپئن شپ کا اعزاز حاصل کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ٹیم کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں فٹ بال کے حوالے سے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ یوتھ انگیجمنٹ اور ویمن امپاورمنٹ کے اپنے ایجنڈے کے تحت وہ ہر اس نوجوان کی سرپرستی کے لیے پرعزم ہیں جو کسی بھی شعبے میں ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جلد فٹ بال میچز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آ سکیں اور کھیل کے میدان میں صوبے کی نمائندگی مزید مضبوط ہو۔ملاقات میں ٹیم کے کھلاڑیوں نے گورنر کی دلچسپی اور سرپرستی پر اظہار تشکر کیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ ملک کا نام مزید روشن کرنے کے لیے محنت جاری رکھیں گے۔