پی سی بی نے حنیف محمد ٹرافی کا شیڈول جاری کردیا

جمعہ 8 اگست 2025 20:11

پی سی بی نے حنیف محمد ٹرافی کا شیڈول جاری کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن2025-26 کا آغاز حنیف محمد ٹرافی سے29 اگست کو ہوگا۔چار روزہ نان فرسٹ کلاس اس ٹورنامنٹ میں ملک کی 12 ریجنل ٹیمیں قائداعظم ٹرافی میں شرکت کے حصول کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔ایونٹ25 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز پہلے 15 اگست کو ہونا تھا،تاہم پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں کی اپنی اپنی ریجنل ٹیموں میں دستیابی کے پیش نظر اس میں دو ہفتے کی تاخیر کی گئی۔

گروپ اے کے میچز بہاولپور، ملتان اور رحیم یار خان میں کھیلے جائیں گے،جن میں آزاد جموں و کشمیر، فیصل آباد، حیدرآباد، کراچی وائٹس، لاہور بلوز اور کوئٹہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ بی میں ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا، کراچی بلوز، لاڑکانہ، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں،جن کے میچز کراچی میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ28 دن میں پانچ راونڈز پر مشتمل ہوگا اور ہر راونڈ میں چھ میچز کھیلے جائیں گے۔

ہر ٹیم پانچ میچز کھیلے گی اور ہر گروپ کا فاتح براہِ راست فرسٹ کلاس قائداعظم ٹرافی میں کوالیفائی کرے گا،جو حنیف محمد ٹرافی کے فورا ًبعد منعقد ہوگی۔پی سی بی کے مطابق12 ریجنل ٹیمیں اپنے اسکواڈز گزشتہ سیزنز کے نمایاں کھلاڑیوں اور رواں سال جون اور جولائی میں منعقدہ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ تین روزہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ پرفارمرز میں سے منتخب کریں گی۔پہلے راؤنڈ کے میچز29 اگست تا یکم ستمبر ہونگے ۔گروپ اے میں فیصل آباد بمقابلہ لاہور بلوز،حیدرآباد بمقابلہ کراچی وائٹس، کوئٹہ بمقابلہ آزاد جموں و کشمیر جبکہ گروپ بی میں راولپنڈی بمقابلہ فاٹا، کراچی بلوز بمقابلہ ملتان،ڈیرہ مراد جمالی بمقابلہ لاڑکانہ میچز ہونگے۔