شارجہ میں پہلی عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ 11 دسمبر سے شروع ہوگی،کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر

جمعہ 8 اگست 2025 17:02

شارجہ میں پہلی عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ 11 دسمبر سے شروع ہوگی،کامیاب ..
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) شارجہ کے نائب حکمران اور ایگزیکٹو کونسل کے نائب چیئرمین شیخ عبداللہ بن سالم بن سلطان القاسمی کی سرپرستی میں متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق پہلی عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ 11 سے 14 دسمبر 2025 تک شارجہ کے ساحلی شہر خورفکاں میں منعقد ہوگی ۔

اس سلسلے میں شارجہ سپورٹس کونسل میں آرگنائزنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ٹورنامنٹ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بین الاقوامی بیڈمنٹن فیڈریشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ چیمپئن شپ، جو کہ پہلی عالمی بیڈمنٹن آؤٹ ڈور چیمپئن شپ شارجہ میں منعقد کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس ایونٹ کی میزبانی یو اے ای بیڈمنٹن فیڈریشن کرے گی جبکہ اس کا انتظام شارجہ سپورٹس کونسل کے تعاون سے انجام دیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین عبدالملک محمد جانی نے کی جبکہ نورا حسن الجزمی بطور نائب چیئرپرسن اور دیگر ذیلی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے جنہیں مختلف انتظامی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔اجلاس کے دوران ٹورنامنٹ کے انعقاد سے متعلق عملی منصوبہ بندی، انتظامی ذمے داریوں کی تقسیم، اور مقامی کھلاڑیوں کی تربیت جیسے نکات زیر غور آئے۔

اس موقع پر نئے ریفری حضرات کے لیے ٹریننگ ورکشاپس کے انعقاد کی تجویز بھی پیش کی گئی تاکہ مقامی سطح پر مہارت کو فروغ دیا جا سکے۔مزید برآں کمیٹی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ ایونٹ سے قبل مختلف تشہیری تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ عوامی دلچسپی اور جوش و خروش کو بڑھایا جا سکے۔اس عالمی چیمپئن شپ کے لیے خورفکاں بیچ کو بطور مقام منتخب کیا گیا ہے جبکہ یورپی اور ایشیائی چیمپئن شپ کے بعد ایک پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔\932