Live Updates

یکم اگست سے 14 اگست تک سکھر کے اسکولوں، کالجوں اور کھیل کے میدانوں میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں جاری

جمعرات 7 اگست 2025 22:27

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) ملک کے 78 ویں یوم جشن آزادی و معرکہ حق کے موقع پر یکم اگست سے 14 اگست تک سکھر کے اسکولوں، کالجوں اور کھیل کے میدانوں میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سکھر محمد اخلاق میمن کے اعلامیے کے مطابق صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان محمد بخش مہر کی یوم جشن آزادی و معرکہ حق سے متعلق ہدایات کے تحت اسپورٹس گالا سکھر-2025ء کا ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 14 اگست تک سکھر کے مختلف مقامات پر 24 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جا رہے ہیں۔

ان مقابلوں میں اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کے مطابق، اسپورٹس گالا سکھر-2025ء کے دوران 08 اگست کو سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں شام 6 بجے باسکٹ بال مئچ، اسپورٹس کلب سکھر میں صبح 11 بجے وشو، شام 6 بجے کک باکسنگ، شام 7 بجے فٹسال اور نیو گوٹھ ٹھیڑھی میں شام کو 7 بجے والی بال کے مقابلے منعقد ہوں گے، 9 اگست کو اسپورٹس کلب سکھر میں صبح 9 بجے کبڈی، جم خانہ کلب سکھر میں صبح 9 بجے بیڈمنٹن کے مقابلے ہوں گے، جبکہ 9 اور 10 اگست کو اسپورٹس کلب سکھر میں صبح 11 بجے طائی کوانڈو اور شام 6 بجے ہاکی کے مقابلے منعقد ہوں گے، 11 اگست کو اسپورٹس کلب سکھر میں آرم/ ماس، آرکری اور شطرنج کے مقابلے ہوں گے، جبکہ شام 7 بجے فیئری ہوم سکھر میں لڑکیوں کے کراٹے مقابلے منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق، اسپورٹس گالا سکھر میں 14 اگست کو سکھر کے گلوب چوک سے صبح سائیکلنگ، اسکیٹنگ، اوپن میراتھن اور رسا کشی کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے، جبکہ 7 اگست تک باسکٹ بال، رنگ بال، فٹبال، ایم ایم اے، ججٹسو، ٹیبل ٹینس اور کرکٹ کے مقابلے مکمل ہوچکے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد اور دیگر ضلعی انتظامی افسران مختلف کھیلوں کے دوران بطور مہمانان خصوصی شرکت کر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، فاتح کھلاڑیوں کے درمیان 14 اگست کو مرکزی تقریب میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات