سابق وفاقی وزیرمرحوم تنویرالحسن گیلانی کے ایصال ثواب کےلئے رسم قل کا اہتمام،چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی شرکت

جمعرات 7 اگست 2025 21:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کے چچا زاد بھائی سابق وفاقی وزیر اور صدر انجمن اسلامیہ سید تنویرالحسن گیلانی مرحوم کے ایصالِ ثواب کےلئے درگاہ موسیٰ پاک شہید ملتان میں قل خوانی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔رسم قل میں چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سمیت سجادہ نشیں دربار موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی،اراکین قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی ،سید علی قاسم گیلانی، سید سمیع الحسن گیلانی،رکن صوبائی اسمبلی علی حیدر گیلانی، سینئر سیاسی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی،چوہدری وحید آرائیں ،سید سہیل حسن گیلانی،سید سلمان حسن گیلانی،پیرزادہ صلاح الدین بھٹہ سمیت معززین شہر ،اہل علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں علمائے کرام نے مرحوم سید تنویرالحسن گیلانی کی علمی و سماجی خدمات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں سجادہ نشیں درگا موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی نے مرحوم کے بڑے صاحبزادے سید عامر حسن گیلانی کی دستار بندی کی۔اس موقع پر گیلانی خاندان کے اکابرین نے متفقہ طور پر مرحوم کے چھوٹے صاحبزادے عمران حسن گیلانی کو صدر انجمن اسلامیہ نامزد کیا۔چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سید عمران گیلانی کی دستار بندی کی۔آخر میں مرحوم تنویرالحسن گیلانی کے ایصالِ ثواب اور بلندی درجات کےلئے دعا کرائی گئی۔