علی خامنہ ای نے علی لاریجانی کو سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کر دیا

جمعہ 8 اگست 2025 17:55

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای نے علی لاریجانی کو سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کر دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک فرمان جاری کرتے ہوئے علی لاریجانی کو اعلی قومی سکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس تقرری کے بعد لاریجانی کو کونسل میں باقاعدہ رکنیت اور ووٹ دینے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے،جو انہیں تہران کے اعلی سطح کے فیصلہ سازی کے نظام میں مزید مستحکم مقام عطا کرتا ہے۔

یہ تقرری ایرانی صدر مسعود بزشکیان کی جانب سے علی لاریجانی کو کونسل کا سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کے چند دن بعد سامنے آئی ہے۔ یوں اب لاریجانی بیک وقت رہبر اعلی کے نمائندے اور کونسل کے سیکرٹری جنرل دونوں عہدوں پر فائز ہو گئے ہیں، جو انہیں ملکی سیاسی و سکیورٹی پالیسی پر دوہرا اثرورسوخ فراہم کرتا ہے۔