وانا ،جنرل بس سٹینڈ بارے پیدا تنازع شدت اختیار کر گیا

ٹرانسپورٹرز کا متعلقہ حکام پر مبینہ ملی بھگت ،غیر قانونی اقدامات کا الزام ،بھرپور احتجاج

جمعہ 8 اگست 2025 22:52

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)ضلع لوئر جنوبی وزیرستان کے مرکزی قصبے وانا میں جنرل بس اسٹینڈ کے حوالے سے پیدا ہونے والا نیا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے متعلقہ حکام پر مبینہ ملی بھگت اور غیر قانونی اقدامات کا الزام عائد کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ ٹی ایم او کی جانب سے جاری کردہ اتھارٹی لیٹر کے تحت قائم قانونی جنرل بس اسٹینڈ کے باوجود، آر ٹی اے ڈیرہ اسماعیل خان نے کسی دوسرے فریق کو مبینہ طور پر بغیر کسی قانونی کارروائی کے اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔

اس اقدام نے ڈرائیور برادری میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔احتجاجی ڈرائیورز نے ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے سامنے مظاہرہ اور ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جب ایک بس اسٹینڈ قانونی اجازت سے قائم ہو چکا ہے، تو کسی اور غیر متعلقہ فریق کو جعلی لائسنس جاری کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر اس تنازع کے باعث کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان ہوا تو اس کی مکمل ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ٹرانسپورٹرز نے حکومت خیبرپختونخوا اور متعلقہ اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ متنازعہ اجازت نامے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور وانا بازار میں قائم قانونی بس اسٹینڈ کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔