بلیوں کی دیکھ بھال کرنا ہر مالک کی اخلاقی، انسانی اور دینی ذمہ داری ہے،چوہدری محمد باجوہ

جمعہ 8 اگست 2025 20:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) بلیوں کی دیکھ بھال، انہیں صاف پانی، متوازن خوراک اور محفوظ پناہ گاہ فراہم کرنا ہر مالک کی اخلاقی، انسانی اور دینی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف سماجی رہنما چوہدری محمد باجوہ نے بلی کے عالمی دن کے موقع پر مقامی کمیونٹی ہال میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں شہر کے معززین، سماجی کارکنان، طلباء، اساتذہ اور جانوروں سے محبت کرنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں معروف سماجی رہنما چوہدری محمد باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آوارہ بلیوں کو بھوکا چھوڑنے یا ان کے ساتھ ناروا سلوک کرنے سے معاشرتی بے حسی میں اضافہ ہوتا ہے۔ بلیوں کو لاوارث چھوڑ دینے کی بجائے ان کی دیکھ بھال، ویکسی نیشن اور علاج معالجے کا بندوبست کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بلی کے عالمی دن کا مقصد صرف ایک دن منانا نہیں بلکہ سال بھر بلیوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر مقررین نے بلیوں کی اہمیت اور ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں، جن میں جانوروں کے لیے خصوصی شیلٹر ہومز کا قیام، ویکسی نیشن مہمات، اور عوامی آگاہی پروگرام شامل تھے۔تقریب کے اختتام پر بلیوں کی فوٹو گیلری کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقامی فوٹوگرافروں نے بلیوں کی خوبصورت تصاویر پیش کیں، جب کہ شرکاء کو آوارہ بلیوں کی کفالت کے لیے رجسٹریشن فارم بھی فراہم کیے گئے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے میں جانوروں کے ساتھ حسنِ سلوک کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :