لاہور،انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہائوس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلا ئو گھیرائو کے مقدمات میں عمر ایوب کی عبوری ضمانت خارج کردی

ہفتہ 9 اگست 2025 13:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہائوس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان کے جلائو گھیرائو کے مقدمات میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دیں ، ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت عمر ایوب کی طرف سے کوئی وکیل پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق عدم پیروی پر ضمانت خارج کی جاتی ہے۔ اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمات میں ملزم کی باقاعدہ پیشی نہ ہونا کارروائی پر اثر انداز ہوتا ہے۔مذکورہ مقدمات 9 مئی 2023 کے واقعات کے تناظر میں درج کیے گئے تھے جن میں جناح ہائوس اور عسکری ٹاور کو جلانے اور تھانہ شادمان میں توڑ پھوڑ کے الزامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ان مقدمات میں متعدد سیاسی رہنما اور کارکن نامزد ہیں جبکہ کچھ مفرور بھی ہیں۔واضح رہے کہ عمر ایوب نے ان مقدمات میں قبل ازیں انسدادِ دہشت گردی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی جو آج خارج کر دی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مقدمات کی تازہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔