سال2025 کے دوران نیب نے 547 ارب 31 کروڑ روپے کی ریکوری کی

532 ارب روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں، وفاقی و صوبائی وزارتوں، محکموں اور مالیاتی اداروں کے حوالے کی گئی ہیں. نیب کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 9 اگست 2025 16:12

سال2025 کے دوران نیب نے 547 ارب 31 کروڑ روپے کی ریکوری کی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اگست ۔2025 )قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے رواں سال 2025 کے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جنوری سے جون 2025 کے دوران نیب نے 547 ارب 31 کروڑ روپے کی ریکوری کی، صرف اپریل کے مہینے میں 456 ارب روپے ریکور کیے گئے نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کہا گیا ہے کہ رواں برس کے پہلے 6 ماہ میں 532 ارب روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں، وفاقی و صوبائی وزارتوں، محکموں اور مالیاتی اداروں کے حوالے کی گئی ہیں.

(جاری ہے)

نیب کے مطابق دھوکا دہی کے مختلف مقدمات میں 12 ہزار 611 متاثرین کو ان کی لوٹی ہوئی رقم واپس دلوائی گئی ہے، لاہور میں مختلف ہاﺅسنگ سوسائٹیز کے متاثرین کو اربوں روپے کی رقم واپس دلوائی گئی ہے نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین بازیاب کروائی، سندھ کے محکمہ تعلیم، صحت خواندگی کی 127 کنال اراضی بازیاب کروائی. چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے واضح کیا ہے کہ عوام کو ان کا حق دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، نیب بلاتفریق کارروائیاں جاری رکھے گا.