سیالکوٹ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ناقص خوراک فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد یونٹس سیل، بھاری جرمانے

اتوار 10 اگست 2025 14:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ضلع سیالکوٹ میں صحت دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈسکہ، سمبڑیال اور سٹی ایریا میں درجنوں مقامات پر چھاپے مارے اور ناقص خوراک فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق رواں ماہ کے دوران 401 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں صفائی کے ناقص انتظامات اور متعدد سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

کارروائیوں کے دوران 46 کاروباری یونٹس پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 7 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 2 یونٹس کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی نے بھاری مقدار میں ملاوٹی مصالحہ جات، ناقص دودھ اور غیر معیاری پانی کو موقع پر تلف کر دیا۔

(جاری ہے)

چیکنگ کے دوران 201 گاڑیوں اور 48 دکانوں سے 57 ہزار لیٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 23 ملک شاپس اور گاڑیوں کو 1 لاکھ 41 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق متعدد فوڈ پوائنٹس پر ورکرز کے میڈیکل چیک اپ، تربیت اور دیگر لازمی ریکارڈ کی عدم دستیابی بھی پائی گئی، جو کہ حفظان صحت کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صفائی، معیار اور قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ناقص خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :