ڈائریکٹر زراعت کا زیر تعمیر ماڈل ایگریکلچر مال کا دورہ، تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ

اتوار 10 اگست 2025 16:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) ڈائریکٹر زراعت سرگودھا ڈویژن محمد شاہد حسین نے زیر تعمیر ایگریکلچر مال کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت نے کہا ایگریکلچرل مال زمینداروں اور کسان بھائیوں کے لیے حکومت کی طرف سے تحفہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر مال 45 یوم میں مکمل طور پر فنکشنل ہو جائے گا اور گرین پاکستان انیشیٹو (جی پی آئی) ماڈل ایگریکلچر مال کا انتظام سنبھالے گی جہاں کاشتکاروں کو زرعی مداخل، قرضوں کی سہولت، جدید زرعی مشینری، ٹریکٹر اور ڈرون اسپرے سمیت تمام زرعی خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔

ڈائریکٹر زراعت محمد شاہد حسین نے کہا کہ ماڈل ایگریکلچر فارم میں کاشتکاروں کو مشینی کاشت کے فروغ کے لیے جدید ترین مشینری رینٹ پر بھی مہیا کی جائیں گی تاکہ پیداوار میں اضافہ اور لاگت میں کمی ممکن بنائی جا سکے۔ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ اس منصوبے کے قیام سے زمینداروں اور کسان بھائیوں کو مڈل مین سے نجات ملےگی اور ایک ہی جگہ انکو تمام سہولیات میسر ہونگی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت و دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔