ذ*ڈرگ فری پنجاب: صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز جاری

رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 63 ہزار 612 چھاپے مارے گئی: ۔ ترجمان

اتوار 10 اگست 2025 21:40

ب*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب ویڑن کی تکمیل میں پنجاب پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 63 ہزار 612 چھاپے مارے گئے۔

منشیات کے دھندے میں ملوث 35 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 20 ہزار 419 کلو گرام چرس، 1765 کلو گرام ہیروئن اور 1071 کلو گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ 2333 کلو گرام افیون اور 04 لاکھ 89 ہزار 966 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں 7 ہزار 204 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضہ سے 3506 کلو گرام چرس، 308 کلو گرام ہیروئن، 580 کلو گرام آئس، 256 کلو گرام افیون اور 23 ہزار 137 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔