گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کااجلاس،پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر غور

اتوار 10 اگست 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس زیرصدارت سربراہ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے واٹر و چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نور الحق بلوچ منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، ڈپٹی کمشنر گوادر حمودالرحمن، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ایکسیئن محکمہ پبلک ہیلتھ مومن علی، ایکسیئن کیسکو حسین بخش، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر پروجیکٹ محمد اکبر بلوچ، جی ڈی اے واٹر پروجیکٹ کے قمبر بلوچ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ داد کریم اور دیگر حکام شریک ہوئے جبکہ وزارت منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات کے سینئر چیف وقاص انور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ گوادر میں پانی کے بحران کی بنیادی وجہ بجلی کی کمی ہے، بحران پر قابو پانے کیلئے فیصلہ کیا گیا کہ جی ڈی اے کی جانب سے بچھائی گئی نئی پانی کی لائن کے ذریعے فراہمی کا آغاز ملا بند سے کیا جائے گا، یہاں نئے گھریلو کنکشن نصب کئے جا رہے ہیں اور پانی گوادر پورٹ کے واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ سے فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ سوڈ ڈیم سے ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن تک مین ٹرانسمیشن لائن میں میٹر نصب کئے جائیں گے تاکہ پانی کی طلب و رسد کو باضابطہ مانیٹر کیا جا سکے۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ رات بجلی کے شدید وولٹیج اتار چڑھاؤ (فلکچویشن) کے باعث گوادر کو مین سپلائی فراہم کرنے والی پائپ لائن متاثر ہوئی، جس کی مرمت کا کام جاری ہے۔بعد ازاں کوآرڈینیشن کمیٹی نے ملا بند اور ملحقہ علاقوں کے کونسلرز سے ملاقات کر کے ہاؤس کنکشنز کی تنصیب کے حوالے سے مشاورت کی تاکہ عوامی شمولیت سے اس منصوبے کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :