فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کی ناقص دودھ سپلائرز کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ، 1 ہزار 600 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف

پیر 11 اگست 2025 18:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کی ناقص دودھ سپلائرز کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ روز 1 ہزار 600 لیٹر پانی ملا ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کریک ڈاؤن فیصل ٹاؤن، ممتاز سٹی، چکری انٹرچینج اور موٹروے پر ناکے لگا کر کیا گیا جہاں مجموعی طور پر 20 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 97 ہزار لیٹر دودھ کو چیک کیا گیا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ناقص اور غیر معیاری دودھ سپلائی کرنے پر 9 دودھ بردار گاڑیوں کو 2 لاکھ 15 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں ناقص دودھ یا ملاوٹ سے متعلق کوئی شکایت ہو تو فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :