سندھ زرعی یونیورسٹی میں یومِ آزادی کے موقع پر تقریری مقابلے

پیر 11 اگست 2025 22:19

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں 78ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں ’’بنیان المرصوص‘‘ اور’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے شاندار تقریری مقابلے منعقد ہوئے، جن میں طلبہ و طالبات نے جرات، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا۔ یہ مقابلے اسٹوڈنٹس ٹیچرز انگیجمنٹ پروگرام (اسٹیپ) کے تحت اے ایم شیخ ہال میں ہوئے جن میں مختلف فیکلٹیز اور انسٹیٹیوٹس کے طلبہ شریک تھے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ یومِ آزادی کی تقریبات اور ہم نصابی سرگرمیاں نوجوانوں کی شخصیت سازی، پیشہ ورانہ مہارت اور سماجی ہم آہنگی کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے طلبہ کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں اور ملک کے دفاع کرنے والے جوانوں کا ساتھ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

مقابلوں میں 50 سے زائد طلبہ نے انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں میں حصہ لیا۔

انگریزی تقاریر میں پہلی پوزیشن زوحہ انور خانزادہ، دوسری مقدس خلیل، جبکہ تیسری اسد علی و مدثر میمن نے حاصل کی۔ اُردو تقاریر میں پہلی پوزیشن علیشبہ، دوسری احسن خان نظامانی اور تیسری آمنہ بلوچ و امجد علی ٹانوری کے حصے میں آئی، جبکہ سندھی تقاریر میں پہلی پوزیشن کامران علی، دوسری کاشف فل اور تیسری جنید سیال و رشیدہ نے حاصل کی۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر اور ڈائریکٹر اسپورٹس انور حسین خانزادہ نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں وائس چانسلر نے کامیاب طلبہ میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ ججز کے فرائض ڈاکٹر شکیل حسین چٹھہ اور محترمہ سیما لاڑک نے انجام دئیے۔

متعلقہ عنوان :