سبی ،یومِ آزادی اور جہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں اجلاس

پیر 11 اگست 2025 22:29

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 14 اگست یومِ آزادی کی تقریبات اور حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سبی اختر نواز، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا، تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا اور دفاتر پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ کے احکامات کے تحت شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ 14 اگست کی شام چہلم کے موقع پر امام بارگاہوں میں ہونے والی مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کی تقریبات اور چہلم کے لیے جوائنٹ رسپانس ٹیم بھی بنائی گئی ہے، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری کارروائی کرے گی۔ ایکسین کیسکو سبی کو ہدایت جاری کی گئی کہ 13 اگست کی رات ، 14 اگست کی صبح اور شام کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ مزید برآں محکمہ تعلیم کو ہدایت دی گئی کہ وہ 14 اگست کی بھرپور تیاری رکھیں، اس سلسلے میں ملی نغموں، تقاریر، ٹیبلو، کوئز مقابلے اور دیگر ثقافتی پروگرامز کا اہتمام کیا جائے تاکہ نوجوان نسل میں جذبہ حب الوطنی کو مزید فروغ مل سکے۔\378