کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزارت کے حکام کو شوگر سیکٹر میں مقابلیکے فروغ کے چیلنجز پر بریفنگ

پیر 11 اگست 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارت خزانہ کے حکام کو شوگر سیکٹر میں کمپٹیشن کے فروغ کے چیلنجز پر بریفنگ دی۔ پیر کو ہونے والی اس اہم بریفنگ میں وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کے علاوہ مسابقتی کمیشن کے رجسٹرار شہزاد حسین، لیگل ایڈوائزر حافظ نعیم اور کارٹلز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سلمان ظفر بھی موجود تھے۔

چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ مسابقتی کمیشن شوگر سیکٹر اصلاحاتی کمیٹی کی معاونت کے لیے تفصیلی سفارشات مرتب کررہا ہے۔ کمپٹیشن حکام نے ماضی میں 2008-09، 2015-16 اور 2019-20 کے چینی بحرانوں کی وجوہات اور اس حوالے سے کمیشن کی تحقیقات، نتائج اور کمیشن کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل نے 2021ء کے شوگر کارٹل کیس میں کمیشن کے فیصلہ کو دوبارہ سماعت کے لئے کمیشن کو بھجوا دیا ہے۔

اس حوالے سے کمیشن نے سماعت کو جلد مکمل کرنے کے لئے حکمت عملی بنائی گئی ہے۔ وفاقی وزیر سینیٹر محمد اورنگزیب نے صارفین کے تحفظ، مارکیٹس میں شفافیت اور معاشی ترقی کے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کمپٹیشن کمیشن کے مختلف عدالتوں میں زیرالتواء مقدمات کی جلد از جلد سماعت کے لئے حکومت کی حمایت کا یقین دلایا۔اجلاس میں چینی کے شعبہ کے قانونی، انتظامی اور ریگولیٹری معاملات کو بھی زیر غور لایا گیا۔ علاوہ ازیں مسابقتی کمیشن کو مزید مضبوط بنانے اور صارفین کے تحفظ، آزادانہ تجارت اور مارکیٹس میں مسابقت کو فروغ دینے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔