قرآن کی تلاوت میں عالمی مہارت کا مظاہرہ، شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ دوسرے روز بھی جاری رہا

پیر 11 اگست 2025 22:40

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) وزارتِ اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کے زیرِ اہتمام 45ویں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ برائے حفظ، قراءت اور تفسیرِ قرآن کریم کے فائنل راؤنڈ ز مسجد الحرام میں دوسرے روز بھی جاری رہے۔ دوسرے دن ججز کے پینل نے مجموعی طور پر 17 شرکاء کی تلاوتیں سنیں، جن میں صبح کے اجلاس میں آٹھ اور شام کے اجلاس میں نو شرکاء شامل تھے۔

(جاری ہے)

شرکاء کا تعلق پانچ مختلف کیٹیگریز سے تھا اور وہ مالی، ایتھوپیا، قازقستان، نائیجیریا، مالدیپ، البانیا، آسٹریلیا، مصر، لیبیا، ازبکستان، قطر، کویت، ہنگری، یمن، ملیشیا اور روسی فیڈریشن سے تعلق رکھتے تھے۔ پہلے روز مقابلے میں 14 شرکاء نے اپنی تلاوتیں پیش کی تھیں، یوں اب تک مجموعی طور پر 31 شرکاء کی تلاوتیں سن لی گئی ہیں۔ یہ مقابلہ قرآن مجید کی حفظ و قراءت میں عالمی سطح کی مہارت کو اجاگر کرنے کا ایک عظیم پلیٹ فارم ہے، جو مختلف براعظموں سے آنے والے باصلاحیت قراء کو یکجا کرتا ہے اور قرآن کریم سے عقیدت کے مشترکہ جذبے میں انہیں متحد کرتا ہے۔