روس، ٹیلیگرام انتظامیہ کا ڈوکسنگ اور بلیک میلنگ میں ملوث متعدد چینلز بند کرنے کا اعلان

منگل 12 اگست 2025 08:40

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) روس میں ٹیلیگرام کے شریک بانی پاول دوروف نے اعلان کیا ہے کہ پلیٹ فارم پر ان تمام چینلز کو بند کیا جائے گا جو ذاتی معلومات کے افشا کرنے اور بلیک میلنگ میں ملوث پائے گئے ہیں۔ تاس کے مطابق پاول دوروف نے اپنے بیان میں کہا کہ بیس دن پہلے کی گئی پوسٹ کے بعد صارفین نے ہمیں سینکڑوں شکایات ارسال کیں، جن میں دھوکہ دہی اور بلیک میلنگ کے واقعات رپورٹ کیے گئے۔

ان رپورٹس کی بنیاد پر، اس ہفتے ہم متعدد چینلز کو ڈوکسنگ اور بلیک میلنگ کے الزامات پر بند کر رہے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ ان چینلز پر ایسے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ منتظمین نے ہتک آمیز مواد شائع کیا اور پھر متاثرہ افراد سے رقم وصول کر کے وہ پوسٹس ہٹا دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بعض چینلز نے "پروٹیکشن بلاکس" کے نام سے رقم وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا، یعنی متاثرہ افراد کو ہدف بننے سے بچنے کے لیے باقاعدہ فیس ادا کرنی پڑتی تھی۔

انہوں نے دھوکہ دہی کرنے والوں کو خبردار کیا کہ وہ "کلون چینلز" بنانے کی زحمت نہ کریں، کیونکہ وہ بھی جلد یا بدیر بند کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ ٹیلیگرام بلیک میلنگ یا ذاتی معلومات افشا کرنے کا پلیٹ فارم نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :