سینسناٹی اوپن ٹینس، شدید گرمی کے باعث فرانسیسی ٹینس کھلاڑی رنڈرکینچ کورٹ پر بے ہوش، میچ سے دستبردار

منگل 12 اگست 2025 08:50

اوہائیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے قبل امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں شدید گرمی کے باعث ایک اور کھلاڑی گرمی کا شکار ہو گیا۔ 30 سالہ فرانس کے ٹینس کھلاڑی آرتھر رنڈرکینچ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میچ میں کینیڈین حریف کھلاڑی فیلکس اوجرالیاسائم کے کے خلاف کھیلتے ہوئے دوسرے سیٹ کے دوران شدید گرمی کے باعث اچانک ٹینس کورٹ پر گر پڑے۔

کینیڈین حریف کھلاڑی فیلکس اوجرالیاسائم کو حریف فرانسیسی ٹینس کھلاڑی آرتھر رنڈرکینچ کے خلاف پہلے سیٹ میں ٹائی بریک میں 6-7(4-7)سے برتری حاصل تھی، دوسرے سیٹ میں مقابلہ 2-4تک پہنچا کہ اچانکشدید گرمی کے باعث فرانسیسی کھلاڑی آرتھر رنڈرکینچ بیس لائن کے قریب بے ہوش ہو گئے۔

(جاری ہے)

کینیڈین کھلاڑی اور چیئر امپائر فوراً ان کی مدد کو پہنچے جبکہ طبی عملہ بھی فوری طور پر کورٹ پر پہنچ گیا۔

30 سالہ فرانسیسی کھلاڑی آرتھر رنڈرکینچ کو تقریباً دو گھنٹے کے کھیل کے بعد برف کی پٹیاں اور ٹھنڈے پیک دیے گئے، جس کے بعد وہ کھیلنے کے لئے تیار ہوگئے ، اس کے بعد وہ صرف دو مزید گیمز ہی کھیل سکے اور پھر مقابلہ جاری نہ رکھ پانے کے باعث دستبردار ہوگئے ، کینیڈین حریف کھلاڑی فیلکس اوجرالیاسائم پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ٹورنامنٹ کے دوران درجہ حرارت مسلسل 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر رہا ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

برطانیہ کے کیمرون نوری بھی گزشتہ میچ میں شدید پسینے اور نقاہت کا شکار نظر آئے۔دوسری جانب دنیا بھر میں ٹینس مقابلے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن کی تاریخ کا سب سے گرم پہلا دن رواں سال جون میں ریکارڈ کیا گیا جب درجہ حرارت 32.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اس سے قبل سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن 2025 میں بھی درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جس کے بعد منتظمین نے "ہیٹ سٹریس سکیل" جیسے اقدامات کے ذریعے کھلاڑیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے گئے۔ٹینس حلقوں میں ماہرین کا کہنا ہے کہ بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر عالمی سطح پر کھیلوں کے شیڈول اور حفاظتی اقدامات پر نظرِ ثانی ناگزیر ہوتی جا رہی ہے۔\932