نو مئی کیسز میں پی ٹی آئی رہنمائوں کو سنائی گئی سزاوں کا جیل وارنٹ جاری

منگل 12 اگست 2025 15:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے9مئی کے جلائو گھیرائوکے دو مقدمات میں پی ٹی آئی رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کو دس دس سال قید اور چھ چھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا قید بامشقت کا جیل وارنٹ جاری کرتے ہوئے چاروں رہنماوں کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا ۔

مجرموں کو تمام سزائیں ایک ساتھ کاٹنا ہوں گی۔ جرمانوں کی عدم ادائیگی پر مزید قید کاٹنا ہوگی۔راحت بیکری چوک میں عائشہ علی بھٹہ کو بھی قید وجرمانے کی سزا سنائی گئی، تھانہ شادمان کیس میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو 5-5سال قید کی سزا سنائی گئی۔عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو ایک ایک لاکھ جرمانے کی بھی سزا سنائی گئی، رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو دونوں مقدمات میں بری کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پیر کو ملزمان کو سنائی جانے والی سزاوں کا تحریری وارنٹ منگل کو جاری کردیا ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے گزشتہ روز تھانہ شادمان اور تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرموں کے جیل وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی کہ مجرموں کی سزاوں کے جیل وارنٹ فوری طور پر عملدرآمد کے لیے جاری کیے جائیں۔ مقدمات میں سزا پانے والے رہنماوں کے خلاف 9 مئی کے واقعات کے دوران جلائوگھیرائوکے الزامات پر کارروائی کی گئی تھی۔