زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈین تعیناتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

منگل 12 اگست 2025 15:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈین تعیناتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈین کی مستقل تعیناتی کے لئے دائر درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جسٹس خالد اسحاق نے پروفیسر بابر شہزاد کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تدریسی فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور یونیورسٹی میں ڈین کی نشست عرصہ دراز سے خالی ہے۔ اس اہم عہدے پر صرف عارضی بنیادوں پر تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، جس کے باعث یونیورسٹی کے انتظامی اور تعلیمی معاملات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ درخواستگزار یونیورسٹی کے سینیئر ترین پروفیسر ہیں، اس لیے انہیں ڈین کی تعیناتی کے عمل میں شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔ مزید کہا گیا کہ عدالت مستقل بنیادوں پر ڈین کی تقرری کا حکم دے تاکہ یونیورسٹی کے معاملات درست سمت میں چل سکیں۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔