میڈونا کا پوپ لیو سے غزہ کا دورہ کرنےکی اپیل ، بچوں کو قحط سے بچانےکے لیے فوری اقدام کا مطالبہ

منگل 12 اگست 2025 16:03

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ میڈونا نےعیسائیوں کے کیتھولک فرقے کے روحانی پیشوا پوپ لیو سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کا دورہ کریں اور وہاں جاری جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے فوری اقدامات کریں ۔گلوکارہ نے ایکس پر جاری پیغام میں لکھا کہ انتہائی محترم پوپ لیو، براہِ کرم غزہ جائیں اور بچوں کے لیے کوئی امید لے کر جائیں ، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ وہ بطور ماں غزہ میں بچوں کے ساتھ ہوتے ہوئے ظلم کو مزید نہیں دیکھ سکتی ہیں اور دنیا کے تمام بچے ہم سب کی ذمہ داری ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ واحد شخصیت ہیں جنہیں غزہ میں داخلے سے روکا نہیں جا سکتا۔ ہمیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ کے لیے تمام دروازے کھولنے کی ضرورت ہے اور اب ہم سب کے پاس اس حوالے سے وقت بہت کم ہے۔ میڈونا نے کہا کہ سیاست سے تبدیلی ممکن نہیں، صرف شعور ہی سے تبدیلی آ سکتی ہے، اسی لیے میں ایک مذہبی شخصیت سے مخاطب ہوں۔