انسداد ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس

منگل 12 اگست 2025 16:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں راولپنڈی کے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، ضلعی تعلیم، واسا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع بھر میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے ہدایت کی کہ تمام تحصیلوں میں سویپنگ، لاروا سرویلنس، فوگنگ، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے کام کو روزانہ کی بنیاد پر مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آگاہی اور شرکت کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ممکن نہیں، اس لیے کمیونٹی موبلائزیشن مہمات میں بھی تیزی لائی جائے۔محترمہ طاہرہ اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھر اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھے، پانی جمع نہ ہونے دے اور انسداد ڈینگی ٹیموں سے مکمل تعاون کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں مانیٹرنگ اور فیلڈ دورے جاری رکھیں تاکہ عملی اقدامات کے اثرات زمین پر نظر آئیں۔آج دن 10 بجے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عبداللہ خان کی زیر صدارت ایک اور اجلاس منعقد ہوا، جس میں رات کے اجلاس میں طے شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران نے اپنی رپورٹس پیش کیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عبداللہ خان نے ہدایت کی کہ متاثرہ یونین کونسلز میں روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ وزٹس کیے جائیں، انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے اور اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر ادارے باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنائیں گے، اور متاثرہ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جو فوری کارروائی کو یقینی بنائیں گی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نگرانی کو مزید بڑھائیں۔