Live Updates

آئی ایم ایف نے سیلاب سے نقصانات کی حتمی رپورٹ مانگ لی، پنجاب کااپنے وسائل سے متاثرین کی امدادکاعندیہ

رواں مالی سال ترسیلات زر ریکارڈ 43ارب ڈالر تک جانے ،مہنگائی کی شرح 7فیصد تک جانے کا امکان ہے، بریفنگ

بدھ 1 اکتوبر 2025 20:15

آئی ایم ایف نے سیلاب سے نقصانات کی حتمی رپورٹ مانگ لی، پنجاب کااپنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)آئی ایم ایف نے ملک میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی حتمی رپورٹ مانگ لی جبکہ پنجاب نے اپنے ہی وسائل سے متاثرین کی امداد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان دوسرے ششماہی اقتصادی جائزہ مذاکرات جاری ہیں جس میں پاکستانی حکام نے مشن کو ترقی، افراط زر، ترسیلات زر، برآمدات اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔

آئی ایم ایف مشن سے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کی ملاقات بھی ہوئی ہے، جس میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی حتمی رپورٹ جلد مانگ لی، تاہم ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سیلابی نقصانات کے باعث فی الحال سرپلس بجٹ کی نشاندہی سے انکار کردیا ہے اور اپنے وسائل ہی سے سیلاب متاثرین کی امداد کا عندیہ دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں سیلاب کے نقصانات کی تخمینہ رپورٹ تیارکی جا رہی ہے۔ سندھ میں 50 ارب اورخیبرپختونخوا میں 30ارب روپے تک کے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ ہے جبکہ سیلاب سے صوبہ بلوچستان میں نقصانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال ترسیلات زرریکارڈ 43ارب ڈالر تک جانے کا امکان ہے۔ بجٹ میں ترسیلات زر کا ہدف 39.4ارب ڈالر رکھا گیا تھا۔

معاشی شرح نمو 4.2فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.7سے 4فیصد رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب،خیبرپختونخوا میں سیلاب کے بعد تعمیر نو کی سرگرمیوں کے لیے زیادہ ترسیلات زر آنے کا تخمینہ لگایا گیا۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں چاروں صوبوں نے 1464ارب روپے کا بجٹ سرپلس دینا ہے۔ گزشتہ مالی سال سرپلس بجٹ میں 280ارب روپے کی کمی آئی ہے۔ آئی ایم ایف کو دی گئی بریفنگ کے مطابق کرنٹ اکانٹ خسارہ 2.1ارب ڈالر ہدف کے مقابلے ایک ارب ڈالر تک محدود رہنے کا امکان ہے۔

بریفنگ میں کہا گیاہے کہ برآمدات 35.2ارب ڈالر ہدف کے مقابلے 34.2ارب ڈالر تک ہو سکتی ہیں۔ رواں مالی سال درآمدات کا تخمینہ 65ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ اس سال مہنگائی کی شرح 7فیصد تک جا سکتی ہے جب کہ ستمبرمیں مہنگائی 3.5سے 4.5 فیصدکے درمیان رہنے کا تخمینہ ہے اور سیلابی نقصانات کے باعث مہنگائی میں بتدریح اضافے کا خدشہ ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات