فیصل آباد ،انڈس ہسپتال کی طرف سے 60لاکھ سے زائد مریضوں کا مفت علاج کرنا دکھی انسانیت کی خدمت کی روشن مثال ہے،ریحان نسیم بھراڑہ

منگل 12 اگست 2025 20:05

۔ فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے انڈس ہسپتال کی طرف سے چھ ملین سے زائد مریضوں کا مفت علاج کرنے کو دکھی انسانیت کی خدمت کی روشن مثال قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو ایسے منصوبوں کی دل کھول کے مالی مدد کرنی چاہیے ۔ وہ آج انڈس ہسپتال کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے ہسپتال کے ڈائریکٹر کمیونی کیشن ریسورس ڈویلپمنٹ طارق اعظم کی سربراہی میں فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں پہلے ہی مخیر حضرات کے تعاون سے ہسپتالوں کی بہتری کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے تاہم اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق مریضوں کو بلا معاوضہ طبی سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کراچی اور لاہور کے ہسپتالوں کے بعد کھرڑیانوالہ میں ہسپتال قائم کرنے کے منصوبے کو سراہا اور کہا کہ آپ اس ہسپتال بارے ضروری معلومات فراہم کریں تاکہ اس پیغام کو چیمبر کے 11ہزار سے زائد ممبران کو فارورڈ کیاجا سکے۔

اس سے قبل نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے کہا کہ فیصل آباد کی مخیر شخصیت مہرعبدالر ئوف فیصل آباد کے بہت سے ہسپتالوں کی مالی اعانت کر رہے ہیں ۔ وہ فیصل آباد میں انڈس ہسپتال کے قیام میں بھی اپنا بھر پور حصہ ڈالیں گے۔ اس سے قبل انڈس ہسپتال کے طارق اعظم نے بتایا کہ انڈس ہسپتال بڑے منصوبوں کے ساتھ ساتھ دور دراز کے دیہی علاقوں کے لوگوں کو بھی بلا معاوضہ طبی سہولتیں مہیا کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ معمولی نوعیت کی طبی سہولتوں کیلئے کنٹینر ز اور کشتیوں میں چھوٹے ہسپتال یا ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں جبکہ اُن کا ادارہ کئی سرکاری ہسپتالوں میں بھی ضروری سہولتیں مہیا کر رہا ہے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبر وحید خالق رامے ،محمدحسن و دیگر ممبران بھی موجود تھی