چہلم حضرت امام حسین و عرس داتا علی ہجویری پر سکیورٹی انتظامات مکمل،37 ہزار افسران و اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے،ترجمان پنجاب پولیس

بدھ 13 اگست 2025 11:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) چہلم حضرت امام حسین و سالانہ عرس حضرت داتا علی ہجویری کی آمدپرعزاداری جلوسوں، مجالس، عرس تقریبات کے لئے پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ترجمان پولیس کے مطابق مجالس، عزاداری جلوسوں، عرس داتا صاحب کی تقریبات کے بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر 644 مجالس منعقد اور 392 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے، لاہور سمیت صوبے بھر میں 37 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں 44 مجالس اور 14 جلوسوں کی سکیورٹی پر 12 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے،926 واک تھروگیٹس، 6753 میٹل ڈٹیکٹرز بھی چیکنگ کےلئے استعمال کئے جائیں گے، سیف سٹیز اتھارٹی کیمروں کی مدد سے چہلم حضرت امام حسین کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، سپیشل پولیس، ٹریفک پولیس اور والنٹیرز بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آئی جی نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز کو مجالس، عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نے کہا حضرت داتا علی ہجویری رحمتہ اللہ کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کی سکیورٹی کےلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں، سپیشل کنٹرول رومز سے چہلم جلوس و مجالس اور عرس تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے،عزاداری جلوسوں کے روٹس میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے،خواتین عزاداروں کی سرچ اور سکیورٹی کےلئے لیڈی اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی۔\932

متعلقہ عنوان :