امریکا اور روس کے صدور کی ملاقات کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

بدھ 13 اگست 2025 13:05

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور روس کے صدور کے درمیان 15 اگست کو الاسکا میں ہونے والی ملاقات کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی تیاریوں پر بات چیت کی ہے، دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اجلاس کو کامیاب بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

روسی وزارت خارجہ نے بھی کہا کہ سرگئی لاوروف اور مارکو روبیو نے اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس کے کامیاب انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے ہی امید ظاہر کی تھی کہ وہ 15 اگست کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے الاسکا میں ملاقات کریں گے۔ اس تاریخ اور مقام کی بعد ازاں روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف نے بھی تصدیق کی جن کے مطابق دونوں رہنما یوکرین بحران کے دیرپا حل کے آپشنز پر بات چیت کریں گے۔یوری اوشاکوف کے بقول کریملن کو توقع ہے کہ الاسکا مذاکرات کے بعد دونوں صدور کی ملاقات روس میں بھی ہوگی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ ملاقات امریکی ریاست الاسکا کے شہر اینکرج میں ہو گی۔