بجلی چوری اور بل ادا نہ کرنے پر پورے گاؤں کی بجلی کٹ گئی

431 گ ب فیصل آباد میں صارفین ڈائریکٹ کنڈے ڈال کر بجلی چوری میں ملوث پائے گئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 اگست 2025 12:53

بجلی چوری اور بل ادا نہ کرنے پر پورے گاؤں کی بجلی کٹ گئی
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2025ء ) فیصل آباد میں بجلی چوری اور بل ادا نہ کرنے پر پورے گاؤں کی بجلی کاٹ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے بجلی چوری اور بل ادا نہ کرنے پر پورے گاؤں کی بجلی منقطع کردی، 431 گ ب فیصل آباد میں صارفین ڈائریکٹ کنڈے ڈال کر بجلی چوری میں ملوث پائے گئے کرتے تھے۔ اس حوالے سے فیسکو حکام نے بتایا ہے کہ پورے گاؤں پربجلی چوری کے 100 سے زائد مقدمات درج ہیں اور گاؤں والوں کے ایک کروڑ روپے کے بل واجب الادا ہیں جس کے بعد فیسکو نے مین سپلائی لائن سے گاؤں کو جانے والی بجلی کی سپلائی کاٹ دی، بجلی بلوں کی ادائیگی تک پورے گاؤں کے بجلی کنکشن منقطع رہیں گے۔

دوسری طرف لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی اینٹی تھیفٹ ٹیم کی کارروائیاں جاری ہیں، ایس ای ناردرن سرکل وسیم اقبال کی زیرِ نگرانی کوٹ عبد المالک ڈویژن کی برج اٹاری سب ڈویژن کی حدود میں رینجرز کی معاونت سے بڑی کارروائی کی گئی جہاں 26 افراد کو لیسکو کی مین لائن سے براہِ راست بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ جنا ح گارڈن سوسائٹی جو لیسکو(واپڈا) سے منظور شدہ نہیں ہے وہاں بااثر الیکٹریشن آفاق احمدجو کہ نا صرف خود بھی بجلی چوری میں ملوث پایاگیا بلکہ سو سائٹی کے متعددگھروں کو بھی بجلی چوری میں معاونت فراہم کر رہا تھا، لیسکو ٹیم نے موقع سے 6 بجلی چوروں کو موقع پر گرفتار کر لیا دیگر20 افراد کے خلاف بھی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے میں ایف آئی آرز کے لیے درخواستیں جمع کروا دی گئیں۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ کسی قسم کی سیاسی، ذاتی یا علاقائی رعایت کے بغیر قانون کی عملداری کو یقینی بنا رہے ہیں، بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی تاکہ کمپنی کا مالی تحفظ اور صارفین کا اعتماد بحال رکھا جا سکے، عوام سے اپیل ہے کہ بجلی چوری یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع لیسکو ہیلپ لائن 118، لیسکو ویب سائٹ یا قریبی دفتر میں فوری طور پر دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔