نیویارک میں پاک امریکن سوسائٹی یو ایس اے کے تحت یوم آزادی کی شاندار تقریب

معرکۂ حق کی کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، صدر پاک امریکن سوسائٹی آپریشن بنیان المرصوص میں فتح مسلح افواج کی جرات اور قوم کی ثابت قدمی کا مظہر ہے، ڈپٹی قونصل جنرل پاکستان نیویارک

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 13 اگست 2025 21:51

نیویارک میں پاک امریکن سوسائٹی یو ایس اے کے تحت یوم آزادی کی شاندار ..
نیویارک  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست2025ء) میں پاک امریکن سوسائٹی یو ایس اے کے زیر اہتمام پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد، مختلف ریاستوں سے آئے وفود اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے صدر اور پاک امریکن سوسائٹی یو ایس اے کے سربراہ شمس الزماں نے اپنے خطاب میں اوور سیز پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

اوور سیز پاکستانی سپہ سالار پاکستان فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ کمانڈ پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر محاذ پر وطنِ عزیز کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر پاک امریکن سوسائٹی نے خطاب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے ۔

بعد ازاں، پاکستان کے ڈپٹی قونصل جنرل نیویارک، عمر شیخ نے کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ "آپریشن بنیان المرصوص" میں پاکستان کی فتح ایک تاریخی لمحہ ہے، جو مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قوم کی ثابت قدمی کا مظہر ہے۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ امن، استحکام اور قومی یکجہتی پاکستان کی اولین ترجیحات ہیں۔

جنرل سیکرٹری پاک امریکن سوسائٹی ڈاکٹر اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن سے محبت ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور یہی جذبہ ہمیں ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ ہم اوور سیز پاکستانی مادرِ وطن کے وقار، سالمیت اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب سے چیف کوآرڈینیٹر سید آصف ، سینئر نائب صدر سلیمان بٹ ، نائب صدر شہزاد انور اور کمیونٹی رہنما پروفیسر ثقلین ملک نے بھی خطاب کیا تقریب میں موجود بچیوں نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کرکے شرکاء سے بھرپور داد سمیٹی، جبکہ دیگر مقررین نے اتحاد اور حب الوطنی کے جذبات کو اجاگر کیا۔

آخر میں مہمانوں کو شیلڈز پیش کی گئیں اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب کا اختتام "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعروں پر ہوا۔