روشن مستقبل کیلئے قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول اپنانا ہوں گے‘ ملک افضل کھوکھر

بدھ 13 اگست 2025 13:49

ررائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت، بصیرت اور پختہ عزم نے آزاد پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا،پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے اپنے پیغام میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ روشن مستقبل کے لیے قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول اپنانا ہوں گے۔ ہمیں اس آزادی کی حفاظت اور ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کا فرض ادا کرنا ہے۔ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ یومِ آزادی پوری پاکستانی قوم کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔

(جاری ہے)

آج کے دن پوری قوم، برصغیر کے مسلمانوں کو مملکتِ خداداد پاکستان کے قیام کیلئے بے مثال جدوجہد پر خراجِ تحسین اور لازوال قربانیوں پر نظرانہِ عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہ تھا جس نے دوست و دشمن سب کو نہ صرف حیرت میں ڈال دیا بلکہ تمام تر قیاس آرائیوں اور پیش گوئیوں کے بر عکس دنیا میں اپنی انفرادی حیثیت کو قائم رکھا۔انہوں نے کہا کہ ہم آج ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، جس کے لئے ہم ربِ بزرگ و برتر کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ آزادی کے جذبے کو اپنے دلوں میں بسا کر قومی مقاصد کے حصول کے لیے انتھک محنت کریں۔