پاکستان کے تعلیمی و مہارتی ڈھانچے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ چوہدری سالک حسین

وفاقی وزیرکی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزارت آئی ٹی، ایچ ای سی، پی ای سی، نیوٹیک، پی ایم ڈی سی، پی این ایم سی اور ملک کی معروف یونیورسٹیوں کے نمائندگان کی شرکت

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 13 اگست 2025 15:50

پاکستان کے تعلیمی و مہارتی ڈھانچے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزارت آئی ٹی، ایچ ای سی، پی ای سی، نیوٹیک، پی ایم ڈی سی، پی این ایم سی اور ملک کی معروف یونیورسٹیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستانی نوجوانوں کی بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تسلیم شدہ مہارتوں کے فروغ پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)



اہم فیصلوں میں نیوٹیک نے مہارتوں کے انضمام کا جامع منصوبہ پیش کیا، پی ایم ڈی سی کو میڈیکل یونیورسٹیوں میں لازمی ٹیکنیشن کورسز شروع کرنے کی ہدایت، ایچ ای سی کو تمام یونیورسٹیوں میں اسکل ٹریننگ اور غیر ملکی زبانوں کی تدریس لازمی قرار دینے کی ہدایت کی گئی۔ مزید برآں، نیوٹیک کو سڈنی اور ڈبلن اکورڈ سے الحاق کے لیے پی ای سی کے تعاون سے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ پاکستان کے تعلیمی و مہارتی ڈھانچے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کی عالمی مسابقت کو بڑھائیں گے اور گریجویٹس کو عملی، بین الاقوامی معیار کی مہارتیں فراہم کریں گے، جس سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا۔