اسلامی تعاون تنظیم کی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں صحافیوں کے قتل کی مذمت،بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ

بدھ 13 اگست 2025 17:08

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی)نے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں صحافیوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق او آئی سی نے گزشتہ روز جاری بیان میں غزہ میں اسرائیل کی جانب سے صحافیوں کے خیمے کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں صحافیوں کے قتل کی مذمت کی اور اس حملے کو بین الاقوامی قانون اور آزادی صحافت کی خلاف ورزی قرار دیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک مقبوضہ فلسطین میں 242 صحافی مارے جا چکے ہیں۔ او آئی سی نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں میڈیا کے خلاف منظم خلاف ورزیوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد بین الاقوامی برادری کو معلومات کی فراہمی کے بہائو میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔او آئی سی نے اس واقعہ کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا اور اس کے ذمہ داروں کے احتساب کے لئے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بیان میں زور دیا گیا کہ متعلقہ بین الاقوامی ادارے صحافیوں کو نشانہ بنانے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں، بین الاقوامی انسانی قوانین اور کنونشنز کے مطابق ان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔