ایف آئی اے ملتان زون کی کارروائیاں ،انسانی سمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

بدھ 13 اگست 2025 17:09

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ایف آئی اے ملتان زون نے انسانی سمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اشتہاری سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد بلال، محمد نواز، محمد منور اور محمد ارشد شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملزم محمد بلال، محمد ارشد اور محمد منور انسانی سمگلنگ و ویزا فراڈ میں ملوث پائے گئے، جنہیں ملتان کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم محمد بلال اشتہاری ہے اور اس نے شہری کو سعودی عرب ملازمت کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے لوٹ لئے جبکہ محمد ارشد نے سعودی عرب بھجوانے کے لئے 6 لاکھ روپے اور محمد منور نے کینیڈا کا ورک ویزا فراہم کرنے کے لیے 8 لاکھ روپے وصول کئے ، تاہم یہ ملزمان شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک اور کارروائی میں ملتان سے حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم محمد نواز کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 4 لاکھ پاکستانی روپے، 410 سعودی ریال، موبائل فونز، چیک بکس اور دیگر شواہد برآمد کئے گئے۔ ملزم برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو تسلی بخش جواب نہ دے سکا، جس کے بعد اسے گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔