حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری عرس، ایل ڈبلیو ایم سی کے 260سے زائد ورکرز داتا دربار کے اطراف صفائی انتظامات کیلئے تعینات

بدھ 13 اگست 2025 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 982ویں سالانہ عرس کی تقریبات کی مناسبت سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 260 سے زائد ورکرز داتا دربار کے اطراف بہترین صفائی انتظامات یقینی بنانے کیلئے تعینات کر دیئے گئے۔سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پر عرس کی تقریبات کے پہلے روز ایل ڈبلیو ایم سی آپریشن ٹیموں کی جانب سے صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے گئے۔

داتا دربار آنے اور جانے والے راستوں پر فینائل اور عرق گلاب ملے پانی کا چھڑکائو مسلسل جاری رہا۔ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز اور افسران دن اور رات کی شفٹوں میں دربار کے اطراف صفائی فرائض کی ادائیگی کیلئے ڈیوٹی پر موجود ہیں، صفائی عملہ داتا دربار اور ملحقہ سڑکوں پر مینوئل سویپنگ اور ویسٹ لفٹنگ کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا تھا کہ تین روزہ عرس تقریبات میں صفائی انتظامات کی نگرانی کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کنٹرول روم24 گھنٹے فعال ہے۔

آپریشن ٹیموں کو داتا دربار آنے جانے والے تمام راستوں پر مینوئل سویپنگ، پانی کا چھڑکائو اور مکینیکل واشنگ کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔دربار آنے والے عقیدتمندوں اور زائرین سے بھی گزارش ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف رکھنے میں صفائی ٹیموں کا ساتھ دیں۔