راشد منہاس شہید نے اپنی جان قربان کر کے مادرِ وطن کی عزت و وقار کا دفاع کیا، سردار ایاز صادق

منگل 19 اگست 2025 21:29

راشد منہاس شہید نے اپنی جان قربان کر کے مادرِ وطن کی عزت و وقار کا دفاع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کے سب سے کم عمر نشانِ حیدر پانے والے بہادر سپوت پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم آج اپنے اس عظیم ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جس نے اپنی جان قربان کر کے مادرِ وطن کی عزت و وقار کا دفاع کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے جب 20 اگست 1971ء کو راشد منہاس شہید نے بھارت کی جہاز ہائی جیک کرنے کی ناپاک سازش کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، ان کی اس عظیم قربانی کو ہمیشہ سنہرے حروف مین لکھا جاے گا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ راشد منہاس شہید کی قربانی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ وطن کی سلامتی اور خودمختاری سب سے مقدم ہے اور اس کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10 مئی 2025 کو معرکہ حق میں پاک افواج نے جرأت و بہادری کا مظاہرہ کر کے بھارتی فوج کا غرور خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی کڑا وقت پڑا تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوی دیوار بن کر دشمن کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو راشد منہاس شہید کی سیرت اور قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہئے اور وطنِ عزیز کے دفاع اور ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہی ہماری آزادی کی ضمانت ہیں اور ان کی بدولت آج پاکستان ایک مضبوط اور محفوظ ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر قائم ہے۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید پاکستان کے وہ عظیم سپوت ہیں جنہوں نے اپنی بہادری سے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں اور قوم ہمیشہ ان کے احسانات کو یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی 2025 کو معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرأت و بہادری کا مظاہرہ کر کے بھارت کے غرور کو ہمیشہ کے لئے خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ راشد منہاس کی قربانی نوجوان نسل کو یہ سبق دیتی ہے کہ ملک کی عزت و ناموس پر کبھی آنچ نہ آنے دیں اور اس کی خاطر اپنی جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہ کریں۔