ضمنی انتخابات سے راہ فرار تحریک انصاف کی شکست کا اعتراف ہے‘عظمیٰ بخاری

منگل 19 اگست 2025 21:13

ضمنی انتخابات سے راہ فرار تحریک انصاف کی شکست کا اعتراف ہے‘عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات سے راہ فرار، بانی تحریک انصاف اور ان کی جماعت کی مسلسل شکست کا واضح ثبوت ہے، پنجاب میں ہونے والے حالیہ دو ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو عبرتناک اور بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا یہی وجہ ہے کہ اب انہیں ضمنی انتخابات کے لیے امیدوار ہی دستیاب نہیں ہو رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علیمہ خان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے ہر حلقے سے درجنوں امیدوار سامنے آ رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد اور حمایت کس طرف ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کی نفرت پر مبنی اور ریاست مخالف سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بانی کے کرن ارجن ’’حقیقی آزادی‘‘کا خواب لیے امریکہ روانہ ہوئے تھے لیکن وہاں سے بھی ناکامی کے بعد لندن واپس جا چکے ہیں۔

اب بانی پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی صرف ’’مجھے معافی دے دو‘‘کا نیا نام بن چکی ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج پنجاب کے ہر کونے میں شیر کا نشان جیت کی علامت بن چکا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ایک سالہ شاندار کارکردگی نے مسلم لیگ (ن)کو مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) ووٹر کی پہلی اور مضبوط ترین ترجیح بن چکی ہے۔