گجرانوالہ میں لاپتہ خاتون کی لاش سیوریج نالے سے برآمد ، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

منگل 19 اگست 2025 21:16

گجرانوالہ میں لاپتہ خاتون کی لاش سیوریج نالے سے برآمد ، وزیراعلیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)گجرانوالہ میں لاپتہ خاتون کی لاش سیوریج نالے سے برآمد ہوئی ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوٹس لے لیا۔گجرانوالہ کے علاقے سبزی منڈی میں لاپتا خاتون نویدا بی بی کی لاش سیوریج نالے سے برآمد ہوئی۔ پولیس کی تحقیقات کے مطابق ملزم شوہر فریاد علی نے گھریلو جھگڑوں کی بنا پر اپنی بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔

مقتولہ کی گمشدگی پر پہلے ہی اغوا کا مقدمہ درج تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو لاہور سے گرفتار کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے آر پی او گجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت جاری کی کہ مقدمے کی شفاف اور تیز ترین تفتیش کو یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم ہو سکے۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ خواتین پر تشدد اور ظلم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے درندوں کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا تاکہ کوئی شخص دوبارہ ایسی جرات نہ کر سکے۔