سانحہ نوشہرہ،تین سگے بھائیوں کے اکلوتے بچ جانے والے چوتھے بھائی سمیع اللہ کی گورنر سے ملاقات

نامزد ملزمان میں سے تین گرفتار ہیں ، چوتھا نامزد ملزم اور اسکے ساتھی گرفتار نہیں ہوئے،مجھے بھی دھمکیاں دی جارہی ہے،سمیع اللہ انصاف کیلئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا ،فیصل کنڈی کی پولیس کے اعلی حکام سے فوری رابطہ کرکے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات

بدھ 13 اگست 2025 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)نوشہرہ مانکی شریف میں مبینہ طور پر چچا اور چچا ذاد بھائیوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے اٹلی سے آئے تین سگے بھائیوں کے اکلوتے بچ جانے والے چوتھے بھائی سمیع اللہ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ، ملاقات میں پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا ، جنرل سیکرٹری ابرار سعید سواتی ، سمیت مقتول خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے ، اکلوتے بچ جانے والے بھائی سمیع اللہ نے گورنر کو روتے ہوئے بتایا کہ قاتل گروہ دندناتا پھر رہا ہے اور مجھے بھی قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ پر وزیر اعلی یا صوبائی حکومت کی جانب سے کسی نے پوچھا تک نہیں اور نہ ہی ہماری داد رسی کی ، انہوں نے کہا کہ نامزد ملزمان میں سے تین گرفتار ہیں ، چوتھا نامزد ملزم اور اسکے ساتھی گرفتار نہیں ہوئے ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر مظلوم خاندان کو یقین دلایا کہ انکی داد رسی کے لیئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا انہوں نے پولیس کے اعلی حکام سے فوری رابطہ کرکے انہیں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں اس موقع پر شہدا کے لیئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔