14 اگست آزادی، قربانی اور یکجہتی کی علامت ہے ،گلگت بلتستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر کا پیغام

بدھ 13 اگست 2025 22:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) گلگت بلتستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر سعدیہ دانش نے جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمارے لئے محض ایک تاریخی دن نہیں بلکہ آزادی، قربانی اور یکجہتی کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں اُن عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے دی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور ہمارا فخر ہے، اور اس کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہم سب کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، محنت اور مثبت کردار سے ملک کی خدمت کریں اور اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔سعدیہ دانش نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کی بقا، سلامتی اور تعمیر و ترقی کے لیے ہمیشہ صفِ اول میں رہے ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطنِ عزیز کو ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات سے محفوظ رکھے اور اسے امن، خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔