Live Updates

صوبے میں امن و ترقی کا نیا باب رقم کیا جا رہا ، عوام کو تعلیم، صحت ،روزگار کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے گئے ہیں،علی امین گنڈاپور

خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں،عمران خان کے وژن پر قائم ،بازیابی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، وزیراعلی خیبرپختونخوا کا پرچم کشائی تقریب سے خطاب

جمعرات 14 اگست 2025 19:10

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و ترقی کا نیا باب رقم کیا جا رہا ہے، عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے گئے ہیں، خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں،عمران خان کے وژن پر قائم ،بازیابی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے پولیس لائن ڈیرہ میں منعقدہ 78ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب میں شرکت کی،ان کی آمد پر کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک ، آرپی او ڈیرہ سید اشفاق انور، ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عبدالناصر خان نے ان کا شاندار استقبال کیا، بچی نے وزیراعلی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، وزیراعلی خیبرپختونخواہ سردار علی امین گنڈہ پور نے اپنی آمد پر یادگار شہدا پر حاضری دی اور شہدا کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی ، اور پرچم کشائی بھی کی،اس موقع پر انہوں نے پولیس لائن میں بیڈ منٹن ہال اور اسکوائش کورٹ کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا، اور انہوں نے جشن آزادی کی تقریب کے حوالے سے سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور ملک کی سلامی کیلئے دعا کی ، وزیراعلی خیبرپختونخواہ سردار علی امین خان گنڈہ پور نے صوبے سمیت پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جبکہ پشتون عوام کی تحریکِ آزادی سے لے کر آج تک کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے اور صوبے میں امن و ترقی کا نیا باب رقم کیا جا رہا ہے۔ عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ نوجوانوں کو روشن مستقبل کے لیے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ آج کا دن حقیقی آزادی کے عزم کا دن ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بازیابی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، کیونکہ عمران خان کے دور میں امن اور خوشحالی تھی اور ہم ان کے وژن پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں خوشحالی، امن اور عوامی فلاح کے لیے دن رات کام جاری ہے، عوام نے ہمیں منتخب کیا اور ہم ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 78 سالہ قومی سفر شہدا کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے اور ہم پاکستانی قوم کو عظیم قوم بنانے کے عزم کو دہراتے ہیں، عوام کے اعتماد اور محبت کو عملی اقدامات سے ثابت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی قومی یکجہتی اور قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، پاکستان ہماری پہچان اور ہمارا فخر ہے، تقریب میں وزیراعلی کے ترجمان فراز احمد مغل ، وزیراعلی کے فوکل پرسن برائے ترقیات نواز خان و دیگر بھی موجودتھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات