سپیکر کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی جرگہ ہال میںفیڈرل یوتھ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس

جمعرات 14 اگست 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس یوتھ اسپیکر کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے جرگہ ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز یومِ آزادی کے موقع پر یوتھ اسپیکر کے خصوصی پیغام سے ہوا، جس میں آزادی کی حقیقی روح، قومی یکجہتی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر زور دیا گیا۔اجلاس سے قبل اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے شرکاء کو باضابطہ تربیتی سیشن فراہم کیا گیا، جس میں قانون سازی کے طریقہ کار، پارلیمانی آداب اور مؤثر بحث کے اصولوں پر رہنمائی دی گئی۔

اجلاس کے دوران نوجوان اراکین نے صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بحث کی اور مختلف سفارشات پیش کیں۔اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی جیسے تاریخی موقع پر نوجوانوں کو مثبت اور بامقصد سرگرمی کا موقع فراہم کرنا نہایت اہم ہے، تاکہ وہ ایک اہم پارلیمانی عمل کو قریب سے دیکھ سکیں اور سمجھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کا وژن ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ نوجوانوں کو جمہوری اداروں اور فیصلہ سازی کے عمل سے جوڑا جائے۔ اسی وژن کے تحت وہ اکثر مختلف وفود کو اسمبلی مدعو کرتے ہیں، تاکہ نوجوان پارلیمانی طریقہ کار، جمہوری رویوں اور قومی ذمہ داریوں کو براہِ راست سیکھ سکیں۔اسپیکر سواتی نے کہا کہ یومِ آزادی پر اس خصوصی سیشن کا انعقاد اسی وژن کا تسلسل ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو مثبت طرزِ فکر اور تعمیری سوچ کے ساتھ مستقبل میں ملک کی قیادت کے لیے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایسے اقدامات سے ایک باشعور، پُرعزم اور جمہوری سوچ رکھنے والی قیادت سامنے آئے گی، جو جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے اور قومی مفادات کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔