Live Updates

جیسی جیل نواز شریف اور مریم نواز نے کاٹی، عمران خان 25 سال رہ کر بھی نہیں کاٹ سکتے، کیپٹن ر صفدر

بشریٰ بی بی پر حکومت پنجاب کی طرف سے کوئی سختی نہیں، نواز شریف بیٹیوں کو بیٹی اور بہنوں کو بہن کی جگہ پر رکھتے ہیں؛ سابق وزیراعظم کے داماد کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 29 اگست 2025 12:23

جیسی جیل نواز شریف اور مریم نواز نے کاٹی، عمران خان 25 سال رہ کر بھی نہیں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست 2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وزیراعلیٰ پنجاب کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ جس طرح کی جیل نواز شریف اور مریم نواز نے کاٹی ہے، عمران خان 25 سال رہ کر بھی اس طرح کی اذیت والی جیل نہیں کاٹ سکتے۔ اس حوالے سے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں اٹک قلعہ اور کراچی لانڈھی کا بھی گواہ ہوں، عمران خان مزید 25 سال رہ کر بھی اس طرح کی اذیت والی جیل نہیں کاٹ سکتے، وہاں جوگنگ مشین پڑی ہوئی ہے، اے سی لگا ہوا ہے، ہاتھوں کی مالش ہو رہی ہے، دیسی مرغ چل رہا ہے، کسٹرڈ رات کو وہ کھاتے ہیں، گُڑ والے چاول منگواتے ہیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کو کیسے پتا کہ یہ سب کچھ ہورہا ہے؟ اس پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد نے جواب دیا کہ جس طرح عمران خان کا ایک روحانی نیٹ ورک ہے اسی طرح میرا بھی ہے، انہوں نے زندگی میں ایک ہی دفعہ وضو کیا اور وہی ان کا چل رہا ہے ان کو پانی کی ضرورت ہی نہیں ہے، جہاں تک بشریٰ بی بی کی بات ہے تو حکومت پنجاب کی طرف سے ان پر کوئی سختی نہیں ہے، نواز شریف بیٹیوں کو بیٹی اور بہنوں کو بہن کی جگہ پر رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ لوگ کہتے ہیں اس بار ہزارہ سے مسلم لیگ ن ہار گئی لیکن میں اس بات کو تسلیم نہیں کرتا کیوں کہ ہزارہ کے عوام نے مسلم لیگ ن کے ساتھ وفا کی اور نواز شریف کو ووٹ دیا اس لیے نواز شریف ہزارہ سے الیکشن ہارے نہیں ہیں بلکہ ووٹ گننے میں غلطی ہوئی ہے، اگر کسی کو کوئی شک ہے تو یہاں جیتنے کا دعویٰ کرنے والا امیدوار استعفیٰ دے، دوبارہ مقابلہ کر لیتے ہیں پھر سب کچھ واضح ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ فروری 2024ء کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ہزارہ سے بھی انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم انہیں وہاں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اس وقت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لاہور کے حلقے این اے 130 سے ممبر قومی اسمبلی ہیں یہاں سے انہوں نے پی ٹی آئی کی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی جس کو تحریک انصاف کی جانب سے چیلنج کیا گیا کیوں کہ ان کا دعویٰ ہے کہ نوازشریف یہاں سے بھی ہارے ہوئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات