Live Updates

ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ، محکمہ موسمیات نے نئی وارننگ جاری کردی

شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ اور سیلاب کے خدشات کے باعث ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 29 اگست 2025 12:40

ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ، محکمہ موسمیات نے نئی وارننگ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست 2025ء ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، ممکنہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں ہفتے سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، پنجاب کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع بشمول لاہور اور سیالکوٹ میں اتوار اور پیر کو برسات کا امکان ہے، وسطی اور جنوبی پنجاب میں 29 سے 31 اگست کے دوران بارشوں کی پیشگوئی ہے، اسی طرح خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی 30 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ اور سیلاب کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں جب کہ سندھ کے دیگر اضلاع اور بلوچستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے، جس کے باعث این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی گئی ہے، اس سلسلے میں صوبائی ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں شدید سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب، راوی اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر سکتے ہیں اس لیے تمام ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہیں، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا، شہریوں سے التماس ہے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں کے اطراف اکٹھے ہونے اور سیرو تفریح سے گریز کریں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات