Live Updates

خطرہ ابھی ٹلا نہیں، پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال تاحال سنگین

راول ڈیم میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر اسپیل ویز کھول دیئے گئے، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 29 اگست 2025 13:07

خطرہ ابھی ٹلا نہیں، پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال تاحال سنگین
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب میں دریاؤں کی موجودہ سیلابی صورتحال تاحال سنگین بتائی گئی ہے اس کے علاوہ راول ڈیم میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر اسپیل ویز کھول دیئے گئے۔ این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی سطح اب بھی بہت زیادہ ہے اور خطرہ برقرار ہے، دریائے چناب کے علاقے مرالہ میں پانی کی رفتار تیز ہے، دریائے ستلج کے کنارے واقع گنڈا سنگھ والا میں انتہائی شدید سیلاب کی صورت حال ہے۔

پنجاب کے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح بہت زیادہ اور خطرناک ہے، بلوکی ہیڈورکس کے مقام پر بھی سیلابی صورتحال شدید ہے، سدھنائی ہیڈورکس پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے، جب کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، خانکی میں درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے اور قادرآباد کے مقام پر پانی کی سطح انتہائی زیادہ اور خطرناک ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ہیڈ تریموں پر پانی کی سطح فی الحال نارمل ہے مگر اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی سیلاب کی صورت حال انتہائی خطرناک ہے، سلیمانکی میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ اسلام ہیڈورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے دریائے چناب کے سیلابی صورتحال پر فوری خبردار کرتے ہوئے اور دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کی وجہ سے محفوظ اقدامات کی ضرورت ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد ڈیم کے اسپیل ویز کھول دیئے گئے ہیں، ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ تک پہنچنے پر اسپیل ویز کھولے گئے، اسپیل ویز کھلے رہنے کا دورانیہ تقریباً پانچ گھنٹے ہے، اسپیل ویز پانی کی سطح 1746 ایکڑ فٹ تک پہنچنے تک کھلے رہیں گے، اسپیل ویز کھولنے سے پہلے سائرن بھی بجائے گئے، کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، کورنگ نالہ سے ملحقہ رہائشی آبادیوں کے مکین محتاط رہیں، شہریوں کوپانی کا بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں نالہ اور نالے پر بنے عارضی پل کراس کرنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :